26 فروری 2026 - 12:35
مآخذ: ابنا
 ایران امریکی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا:سابق سفیر پاکستانی

پاکستان کی سابق سفیر برائے ایران رفعت مسعود نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کسی بھی قسم کی امریکی زور زبردستی یا فوجی دباؤ کو قبول نہیں کرے گی اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کی سابق سفیر برائے ایران رفعت مسعود نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کسی بھی قسم کی امریکی زور زبردستی یا فوجی دباؤ کو قبول نہیں کرے گی اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ایرنا کے مطابق رفعت مسعود نے اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل اسٹڈیز کے آن لائن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ایران اور امریکہ کے جاری جوہری مذاکرات کے تناظر میں کہا کہ مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں اور خطے میں کشیدگی کے پس منظر میں امریکہ اور اسرائیل کو اندازہ ہو چکا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام انتہائی مضبوط ہے، اور اگر کسی قسم کی فوجی محاذ آرائی ہوئی تو اس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہوں گے۔

رفعت مسعود، جو اگست 2018 سے نومبر 2019 تک تہران میں پاکستان کی سفیر رہ چکی ہیں، نے یاد دلایا کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ پہلی مرتبہ امریکہ کے صدر بنے تو انہوں نے جوہری معاہدے  سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ ان کے مطابق یہ ایک عالمی معاہدہ تھا جس کے تحت ایران اپنی افزودگی کی سرگرمیوں کو محدود کرتا جبکہ اس کے بدلے میں پابندیاں اٹھائی جاتیں اور ایران میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوتی  جو ایک “ون ون” صورت حال تھی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیا جانے والا نیا معاہدہ ان کی ذاتی سیاسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، تاہم امریکہ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ایرانی عوام سخت جان اور انقلابی مزاج رکھتے ہیں اور کسی بھی فوجی تسلط کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

سابق سفیر نے ایران کو درپیش معاشی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ پابندیاں ان مشکلات کی بڑی وجہ ہیں، حالانکہ ایرانی معاشرہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت ہے اور اپنی ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔
 

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha